امام الحق کی نئی انجری پر سوالات، ماضی کی انکوائری رپورٹ بھی سامنے آگئی
انگلینڈ میں پاکستان کے بیٹر امام الحق کی انجری کے بعد ماضی کی انکوائری رپورٹ بھی سامنے آگئی ہے۔ ماضی کے واقعے کی وجہ سے امام الحق کی نئی انجری پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
پی سی بی دوبارہ تحقیقات کرے گا
ذرائع کے مطابق ماضی کے واقعے کے باعث پی سی بی ایک بار پھر امام الحق کی حالیہ انجری کی بھی تحقیقات کرے گا۔ پی سی بی کی انکوائری کمیٹی نے مارچ 2025 میں نیوزی لینڈ کے دورے کے دوران امام الحق کو جعلی انجری بتانے کا ذمے دار قرار دیا تھا۔
لارڈز ٹیسٹ میں شکست، محمد رضوان اور امام الحق واپس پاکستان روانہ
لارڈز ٹیسٹ میں شکست کے بعد پی سی بی نے محمد رضوان اور امام الحق کو واپس پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا۔
28 مارچ 2025 کا واقعہ کیا تھا؟
28 مارچ 2025 کو انڈور نیٹ سیشن کے دوران امام الحق کے دائیں پاؤں کے انگوٹھے پر گیند لگی تھی۔ ایکسرے میں ان کے انگوٹھے میں فریکچر یا ہڈی کے اپنی جگہ سے ہٹنے کے کوئی شواہد نہیں ملے تھے۔
ذرائع کے مطابق میڈیکل ٹیم کی ہدایت کے باوجود امام الحق مبینہ طور پر افطار کے لیے تقریباً 500 میٹر پیدل چل کر گئے تھے۔ بعد ازاں انہوں نے انگوٹھے میں شدید درد اور اس کے سیاہ پڑنے کی شکایت کی۔
سیاہ نشان دراصل خون نہیں بلکہ سیاہی تھا
ٹیم ڈاکٹر نے مخصوص کیمیکل والے پیپر سے انگوٹھا صاف کیا تو مبینہ سیاہ نشان صاف ہوگیا۔ پی سی بی کی کمیٹی کے مطابق انگوٹھے سے صاف ہونے والا سیاہ مادہ قدرتی خون کا نشان نہیں بلکہ سیاہی یا مارکر تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امام الحق نے کمیٹی کے سامنے انگوٹھے پر سیاہی یا کسی مصنوعی مادے کے استعمال سے انکار کیا تھا، تاہم کمیٹی نے ان کی وضاحت کو طبی شواہد، ایکسرے اور انگوٹھے کی ظاہری حالت سے متصادم قرار دیا تھا۔
اعلیٰ سطح تحقیقات کا فیصلہ
پاکستان کرکٹ بورڈ نے امام الحق کی انجری کی اعلیٰ سطح تحقیقات کا فیصلہ کیا تھا۔ ٹیم حکام کے مطابق امام الحق نگرانی میں لنگڑاتے ہوئے دکھائی دیے، جبکہ نظروں سے اوجھل ہونے پر معمول کے مطابق چلتے دکھائی دیے۔
پی سی بی کی انکوائری کمیٹی نے متفقہ طور پر قرار دیا کہ امام الحق کو پہلے ون ڈے کے لیے اَن فٹ قرار دینے کی کوئی طبی بنیاد نہیں تھی۔
کمیٹی نے امام الحق کو ذمہ دار ٹھہرایا
کمیٹی نے امام الحق کو انجری کی علامات جعلی بنانے، انہیں بڑھا چڑھا کر پیش کرنے اور طبی عملے کو گمراہ کرنے کا ذمے دار ٹھہرایا تھا۔ کمیٹی کے مطابق امام الحق نے جان بوجھ کر خود کو نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے سے باہر رکھنے کی کوشش کی۔
انکوائری کمیٹی نے امام الحق پر تمام فارمیٹس اور تمام سطح پر پاکستان کی نمائندگی سے پابندی کی سفارش کی تھی۔ کمیٹی نے اس حرکت کو دانستہ، پہلے سے طے شدہ اور دھوکا دہی پر مبنی قرار دیا تھا۔
نئی انجری کے بعد پرانا تنازع دوبارہ زیرِ بحث
امام الحق کے تازہ انجری کے دعوے کے بعد 2025 کی انکوائری رپورٹ ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔ سابقہ تنازع میں یہ الزام بھی سامنے آیا تھا کہ امام الحق نیوزی لینڈ کی تیز اور مشکل پچز پر اوپننگ سے بچنا چاہتے تھے۔
مزید خبروں کے لیے ملاحظہ کریں: B.D.Shah News

0 Comments