Header Ads Widget

بریکنگ نیوز

اہم خبریں
  • لوڈ ہو رہا ہے…

بھارت نے پاکستان کو شکست دے کر ہاکی ورلڈ کپ 2026 سے باہر کردیا

Pakistan vs India Hockey World Cup 2026

ایمسٹلوین (رپورٹ): بھارت نے پاکستان کو 3 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے کر ہاکی ورلڈ کپ 2026 سے باہر کردیا، جبکہ پاکستان ٹیم تین میچوں میں دوسری شکست کے بعد اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی۔

نیدرلینڈز اور بیلجیم میں جاری ہاکی ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان کی ٹیم کو گروپ مرحلے کے اہم میچ میں روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد قومی ٹیم کا ورلڈ کپ میں سفر ختم ہوگیا۔

پاکستان کو اس سے قبل انگلینڈ کے خلاف 1-4 سے شکست ہوئی تھی، جبکہ ویلز کے خلاف میچ 3-3 گول سے برابر رہا تھا۔ گروپ ڈی میں ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی کے لیے پاکستان کو بھارت کے خلاف کامیابی درکار تھی، تاہم قومی ٹیم یہ اہم میچ جیتنے میں ناکام رہی۔

ایمسٹلوین میں ابو بکر کی قیادت میں میدان میں اترنے والی پاکستان ہاکی ٹیم میچ کے آغاز سے ہی دباؤ کا شکار دکھائی دی۔ دوسری جانب ہرمن پریت سنگھ کی قیادت میں بھارتی ٹیم نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف 3-5 سے کامیابی حاصل کی اور ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

Pakistan India Hockey Match 2026

بھارتی ٹیم نے پہلے کوارٹر میں کپتان ہرمن پریت سنگھ کے ذریعے پنالٹی کارنر پر پہلا گول اسکور کیا۔ اس کے بعد ابھیشک نے دوسرا گول کرکے بھارت کی برتری کو دگنا کردیا۔

پہلے کوارٹر کے اختتام تک بھارت کو برتری حاصل رہی۔ دوسرے کوارٹر میں بھارتی کپتان ہرمن پریت سنگھ نے پنالٹی کارنر کے ری باؤنڈ پر اپنی ٹیم کے لیے تیسرا گول اسکور کیا۔

چند منٹ بعد پاکستان کے حنان شاہد نے گول کرکے خسارہ کم کیا اور اسکور 1-3 کردیا، تاہم بھارت نے جلد ہی دوبارہ برتری بڑھاتے ہوئے ابھیشک کے ذریعے اپنا چوتھا گول اسکور کردیا۔

Pakistan Hockey Team Hockey World Cup 2026

دوسرے کوارٹر میں پاکستان کو پنالٹی کارنر ملا جس پر سفیان گول کرنے میں کامیاب رہے۔ یوں دوسرے کوارٹر کے اختتام تک بھارت کو پاکستان کے خلاف 2-4 کی برتری حاصل تھی۔

تیسرے کوارٹر میں بھارت نے پنالٹی اسٹروک پر ایک اور گول کرکے اپنی برتری کو 2-5 تک پہنچا دیا اور پاکستان پر دباؤ مزید بڑھا دیا۔

چوتھے اور آخری کوارٹر میں پاکستان کی جانب سے حنان شاہد نے اپنا دوسرا اور قومی ٹیم کا تیسرا گول اسکور کیا، تاہم پاکستان ٹیم میچ میں واپسی نہ کرسکی اور مقابلہ 3-5 سے بھارت کے نام رہا۔

اس شکست کے ساتھ پاکستان ہاکی ورلڈ کپ 2026 سے باہر ہوگیا، جبکہ بھارت اور انگلینڈ نے پول ڈی سے اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

پاکستان اور بھارت کی ہاکی ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز مقابلے کے اختتام کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے روایتی انداز میں ایک دوسرے سے ہاتھ بھی ملایا۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے