
کرک پولیس نے بڑی مقدار میں بارودی مواد برآمد کر لیا
کرک میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام، پولیس نے خطرناک مواد برآمد کر لیا
کرک (نمائندہ بی ڈی شاہ نیوز ) — کرک پولیس نے ایک بڑے دہشت گردانہ حملے کو ناکام بنانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ خفیہ معلومات کی بنیاد پر کی گئی کارروائی میں پولیس نے بڑی مقدار میں بارودی مواد، 800 سے زائد ڈیٹونیٹرز اور 400 میٹر سیفٹی فیوز وائرز ضبط کر لیے۔ اس کارروائی کے دوران دو مشتبہ افراد کو بھی گرفتار کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر فضل اکبر خٹک کی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ کرک سٹی رحیم خان کی قیادت میں پولیس ٹیم نے پرانا ٹال پلازہ کے قریب ناکہ بندی کی۔ وہاں ایک مشتبہ گاڑی کو روک کر تلاشی لی گئی، جس سے 90 کلوگرام بارودی مواد، 800 ڈیٹونیٹرز اور 400 میٹر لمبی سیفٹی فیوز وائرز برآمد ہوئیں۔ گاڑی میں سوار دونوں ملزمان کو فوری طور پر حراست میں لے لیا گیا۔
متعلقہ خبریں:
ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ گرفتار شدہ افراد غیرقانونی طریقے سے بارودی مواد کی ترسیل میں ملوث تھے۔ ان کے خلاف دہشت گردی اور امن و امان کو خراب کرنے کے الزامات میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
ڈی پی او کرک شہباز الٰہی نے اس کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے پوری طرح چوکس ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ امن دشمن عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی اور کوئی بھی مجرمانہ سرگرمی برداشت نہیں کی جائے گی۔
پولیس کے فوری اقدامات کی بدولت شہر کو ایک بڑے سانحے سے بچا لیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی مشتبہ حرکت کی صورت میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔
0 تبصرے