بریکنگ نیوز

خضدار میں اسکول بس پر دہشتگرد حملہ

خضدار میں اسکول بس پر دہشتگرد حملہ، 3 طالبات سمیت 5 افراد شہید

خضدار اسکول بس حملہ

خضدار میں دہشتگرد حملے میں تباہ ہونے والی اسکول بس (تصویر: نمائندگی)

خضدار: زیرو پوائنٹ کے قریب اسکول بس کو دھماکے سے نشانہ بنایا گیا جس میں 3 طالبات سمیت 5 افراد شہید اور 35 سے زائد زخمی ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے علاقے خضدار میں اسکول بس پر بزدلانہ دہشتگرد حملہ ہوا جس میں معصوم طلباء کو نشانہ بنایا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ حملہ ریاست بھارت میں منصوبہ بند کیا گیا تھا۔ بلوچستان میں بھارتی پراکسیز نے اس سفاکانہ حملے کو انجام دیا۔ میدان جنگ میں ناکامی کے بعد بھارت بلوچستان اور کے پی میں پراکسیز کے ذریعے دہشتگردی کروا رہا ہے۔

شہید ہونے والی طالبات کے نام

سکیورٹی ذرائع کے مطابق حملے میں شہید ہونے والی طالبات میں شامل ہیں:

  • » چھٹی جماعت کی ثانیہ سومرو
  • » ساتویں جماعت کی حفظہ کوثر
  • » دسویں جماعت کی عیشا سلیم

زخمی بچوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کا ردعمل

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بتایا کہ شہداء میں بس ڈرائیور اور ہیلپر بھی شامل ہیں جبکہ شدید زخمیوں کو ائیر لفٹ کے ذریعے کوئٹہ منتقل کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ "بھارتی پراکسیز کالعدم بی ایل اے اور بی ایل ایف بھارت کے ایما پر معصوم بچوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ حملے میں ملوث دہشتگردوں کو چن چن کر جہنم واصل کیا جائے گا۔"

زخمیوں کی حالت

ڈپٹی کمشنر خضدار کے مطابق دھماکے میں 35 بچے زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

سی ایم ایچ کوئٹہ انتظامیہ کے مطابق حملے کے 14 زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کیا گیا جن میں 12 بچے، ایک خاتون اور ایک مرد شامل ہیں۔ کچھ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز حملے کی تحقیقات کر رہی ہیں اور ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

Post a Comment

0 Comments